اے آئی اسمارٹ چشموں کا بڑھتا استعمال، پرائیویسی سے متعلق خدشات سامنے آگئے

دنیا بھر میں مصنوعی ذہانت (اے آئی) سے لیس اسمارٹ چشموں کا استعمال تیزی سے بڑھ رہا ہے۔ یہ جدید چشمے صارفین کو فون کالز کرنے، موسیقی سننے، اے آئی سے مدد لینے اور تصاویر و ویڈیوز بنانے جیسی سہولیات فراہم کرتے ہیں، تاہم ان کے بڑھتے استعمال کے ساتھ پرائیویسی اور خفیہ ریکارڈنگ سے متعلق خدشات بھی سامنے آ رہے ہیں۔
اسمارٹ چشموں میں کیمرے اور دیگر جدید ٹیکنالوجی موجود ہوتی ہے، جس کی مدد سے صارف بغیر موبائل فون ہاتھ میں لیے تصاویر اور ویڈیوز بنا سکتا ہے۔ یہی سہولت اب ماہرین اور مختلف تنظیموں کے لیے تشویش کا باعث بن رہی ہے کیونکہ کسی عوامی مقام پر موجود شخص کو یہ معلوم نہ بھی ہو کہ اسے ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔
مارکیٹ میں میٹا اور رے بین کے اشتراک سے تیار کیے گئے اسمارٹ چشمے خاص طور پر نمایاں ہیں۔ ان چشموں کے لاکھوں جوڑے فروخت ہونے کا دعویٰ کیا گیا ہے، جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ اس ٹیکنالوجی میں لوگوں کی دلچسپی تیزی سے بڑھ رہی ہے۔
برطانیہ میں تقریباً 800 پب چلانے والے ایک ادارے نے اپنے مقامات پر اسمارٹ چشموں کے ذریعے ویڈیو بنانے پر پابندی عائد کردی ہے۔ ادارے کا کہنا ہے کہ ان چشموں کے ذریعے لوگوں کی خفیہ نگرانی ممکن ہے اور یہ عام پرائیویسی اصولوں کے خلاف ہے۔ شمالی آئرلینڈ میں ہونے والے ایک کامک ایونٹ کے منتظمین نے بھی خفیہ ریکارڈنگ کے خدشات کے باعث اسمارٹ چشموں پر پابندی لگائی۔
خواتین کے حقوق کے لیے کام کرنے والی تنظیموں نے بھی اس ٹیکنالوجی کے ممکنہ غلط استعمال پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ عام موبائل یا کیمرے سے کسی کی ویڈیو بناتے وقت اکثر متاثرہ شخص کو اندازہ ہوجاتا ہے، لیکن کیمرے والے اسمارٹ چشموں سے ریکارڈنگ زیادہ خاموشی سے کی جاسکتی ہے۔
ماہرین نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اس ٹیکنالوجی کا غلط استعمال ہراسانی، بغیر اجازت تصاویر یا ویڈیوز بنانے اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں کے لیے کیا جا سکتا ہے۔ خاص طور پر ایسی صورتحال میں واضح قوانین اور لوگوں کی رضامندی کے اصول انتہائی اہم قرار دیے جا رہے ہیں۔
تاہم اس ٹیکنالوجی کے مثبت استعمال بھی موجود ہیں۔ کئی کانٹینٹ کریئیٹرز اسمارٹ چشموں کے ذریعے روزمرہ زندگی اور عوامی مقامات کی ویڈیوز بنا رہے ہیں۔ اس کے علاوہ ماہرین کے مطابق یہ چشمے بصارت سے محروم افراد کے لیے بھی مددگار ثابت ہوسکتے ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اسمارٹ چشموں کی ٹیکنالوجی آنے والے وقت میں مزید عام ہوسکتی ہے، تاہم اس کے پھیلاؤ کے ساتھ پرائیویسی، رضامندی اور قانونی تحفظ کے واضح اصول بنانا بھی ضروری ہے تاکہ جدید ٹیکنالوجی کے فوائد حاصل کرنے کے ساتھ لوگوں کے بنیادی حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔









