پیٹرول سبسڈی پروگرام کا اعلان، موٹر سائیکل اور چھوٹی گاڑیوں کو 100 روپے فی لیٹر ریلیف

حکومت نے پیٹرول کی بڑھتی قیمتوں کے اثرات سے عوام کو ریلیف دینے کے لیے نئے سبسڈی پروگرام کا اعلان کردیا ہے۔ حکومت کے مطابق اس پروگرام کے تحت موٹر سائیکل، رکشہ اور 800 سی سی سے کم گاڑی رکھنے والے افراد کو پیٹرول پر فی لیٹر 100 روپے کی سبسڈی دی جائے گی۔
وفاقی وزراء شزہ فاطمہ، علی پرویز ملک اور عطا اللہ تارڑ نے پریس کانفرنس کے دوران سبسڈی پروگرام کی تفصیلات بتائیں۔ حکام کے مطابق 800 سی سی سے کم گاڑی رکھنے والے افراد کو ماہانہ 30 لیٹر جبکہ موٹر سائیکل اور رکشہ مالکان کو 20 لیٹر پیٹرول پر سبسڈی دی جائے گی۔
حکومت نے واضح کیا ہے کہ 15 سال سے زیادہ پرانی موٹر سائیکل اور 20 سال سے زیادہ پرانی گاڑی رکھنے والے افراد اس پروگرام سے فائدہ نہیں اٹھا سکیں گے۔ پروگرام کا آغاز اسلام آباد سے کیا جا رہا ہے، جہاں ابتدائی طور پر 150 پیٹرول پمپس پر یہ سہولت فراہم کی جائے گی۔
پیٹرول سبسڈی کے لیے رجسٹریشن کا طریقہ
وفاقی وزیر شزہ فاطمہ کے مطابق سبسڈی حاصل کرنے کے لیے شہریوں کو پہلے رجسٹریشن کرانا ہوگی۔ رجسٹریشن کے لیے 9771 پر پیغام بھیجنا ہوگا، جس میں شناختی کارڈ نمبر، گاڑی کا نمبر، صوبے کے نام کا پہلا حرف اور گاڑی کی رجسٹریشن کی تاریخ درج کرنا ہوگی۔
رجسٹریشن کے بعد جب پیٹرول حاصل کرنا ہو تو صارف کو 9771 پر “TOK” لکھ کر بھیجنا ہوگا۔ اس کے بعد ملنے والے ٹوکن کی بنیاد پر متعلقہ پیٹرول پمپ سے سبسڈی کے ساتھ پیٹرول حاصل کیا جاسکے گا۔
حکومت کے مطابق موٹر سائیکل کے لیے 20 لیٹر پر مجموعی طور پر 2 ہزار روپے تک جبکہ چھوٹی گاڑی کے لیے 30 لیٹر پر 3 ہزار روپے تک ماہانہ ریلیف دیا جائے گا۔ حکام نے شہریوں کو فراڈ سے بھی خبردار کیا ہے اور کہا ہے کہ حکومت کبھی فون، واٹس ایپ یا پیغام کے ذریعے ٹوکن نمبر یا دیگر حساس معلومات طلب نہیں کرے گی۔
وفاقی وزیر علی پرویز ملک نے کہا کہ یہ اسکیم بڑھتی عالمی تیل کی قیمتوں کے اثرات سے کمزور طبقے کو تحفظ دینے کے لیے شروع کی گئی ہے۔ ان کے مطابق حکومت نے وسائل کا انتظام کرنے کے بعد ہدفی ریلیف کا فیصلہ کیا ہے تاکہ مہنگے پیٹرول کا بوجھ کم آمدنی والے شہریوں پر کم کیا جاسکے۔
علی پرویز ملک نے کہا کہ حکومت عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے باوجود عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ ان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ قیمتوں میں کمی کی صورت میں اس کا فائدہ بھی عوام تک منتقل کیا جائے۔
حکومت کے مطابق سبسڈی پروگرام کو شفاف رکھنے کے لیے پیٹرول پمپس اور متعلقہ اداروں کے اکاؤنٹس کی تفصیلات بھی حاصل کی گئی ہیں۔ اسلام آباد کے بعد اس پروگرام کو ملک کے دیگر حصوں تک بھی توسیع دینے کا منصوبہ ہے۔









