گوگل کا خلا میں اے آئی چپس کا پہلا تجربہ، پروٹو ٹائپ سیٹلائٹ اگلے ہفتے روانہ ہوگا

گوگل نے اعلان کیا ہے کہ وہ اگلے ہفتے خلا میں اپنے اے آئی چپس کا پہلا تجربہ کرنے جا رہا ہے۔ کمپنی اپنے تحقیقاتی منصوبے ’’پروجیکٹ سن کیچر‘‘ کے تحت ایک پروٹو ٹائپ سیٹلائٹ خلا میں بھیجے گی، جس کا مقصد یہ جانچنا ہے کہ آیا مستقبل میں خلا کو بڑے پیمانے پر مصنوعی ذہانت کے ڈیٹا سینٹرز کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے یا نہیں۔
یہ مشن اسپیس ایکس کے ’’ٹرانسپورٹر-18‘‘ رائیڈ شیئر لانچ کے ذریعے خلا میں بھیجا جائے گا۔ اس منصوبے کے لیے گوگل نے سیٹلائٹ کمپنی پلینیٹ لیبز کے ساتھ شراکت داری کی ہے۔
سیٹلائٹ میں گوگل کے تیار کردہ ٹینسر پروسیسنگ یونٹس یعنی اے آئی چپس بھی بھیجے جائیں گے۔ اس تجربے کے ذریعے یہ معلوم کیا جائے گا کہ یہ چپس خلا میں موجود شدید تابکاری، بہت زیادہ یا کم درجہ حرارت اور راکٹ لانچ کے دوران پیدا ہونے والے دباؤ کو کس حد تک برداشت کرسکتی ہیں۔
گوگل خلا میں چپس کو ٹھنڈا رکھنے کے لیے ایک نئے نظام کی بھی آزمائش کرے گا۔ چونکہ خلا میں زمین کی طرح ہوا کے ذریعے کولنگ ممکن نہیں، اس لیے کمپنی ہیٹ پائپس اور ریڈی ایٹرز پر مشتمل کولنگ سسٹم استعمال کرے گی۔
گوگل کے مطابق ان اے آئی چپس کیلیفورنیا یونیورسٹی میں پہلے ہی آزمائی جاچکی ہیں، تاہم حقیقی خلائی ماحول میں ان کی کارکردگی جانچنے کے لیے مدار میں تجربہ کرنا ضروری ہے۔
گوگل کے علاوہ اسپیس ایکس اور اسٹار کلاؤڈ سمیت دیگر کمپنیاں بھی خلا میں ڈیٹا سینٹرز قائم کرنے کے امکانات پر کام کر رہی ہیں۔ اس تصور کے تحت خلا میں سورج کی مسلسل روشنی سے توانائی حاصل کرنے اور زمین پر بجلی کی محدود دستیابی جیسے مسائل کو کم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔
ماہرین کے مطابق خلا میں ڈیٹا سینٹرز قائم کرنے کے تصور کو تجارتی سطح پر عملی شکل دینے میں ابھی کئی سال لگ سکتے ہیں۔ اس کی بڑی وجوہات میں لانچ کی زیادہ لاگت، پیچیدہ انجینیئرنگ اور سیٹلائٹس کی بڑی تعداد میں تیاری جیسے مسائل شامل ہیں۔









