سونا خریدنے والوں کے لیے بڑی خبر، قیمت میں ایک بار پھر ہزاروں روپے کا اضافہ

پاکستان میں سونے کی قیمتوں میں ایک بار پھر نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے بعد فی تولہ سونا مزید مہنگا ہوگیا جبکہ عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمت میں تیزی دیکھی گئی ہے۔
پاکستان کی مقامی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی قیمتوں میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے اور تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق فی تولہ سونے کی قیمت میں 3 ہزار 200 روپے کا اضافہ ہوا ہے۔
آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کی جانب سے جاری کردہ نئی قیمتوں کے مطابق اس اضافے کے بعد ملک میں ایک تولہ سونا 4 لاکھ 32 ہزار 336 روپے کی سطح پر پہنچ گیا ہے۔
اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت میں بھی نمایاں اضافہ سامنے آیا ہے۔ تازہ اعداد و شمار کے مطابق 10 گرام سونا 2 ہزار 744 روپے مہنگا ہونے کے بعد 3 لاکھ 70 ہزار 658 روپے کا ہوگیا ہے۔
دوسری جانب بین الاقوامی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جہاں فی اونس سونے کی قیمت 32 ڈالر بڑھ کر 4 ہزار 98 ڈالر تک پہنچ گئی ہے۔
مقامی اور عالمی سطح پر سونے کی قیمتوں میں ہونے والی اس تازہ تبدیلی کے بعد پاکستان میں سونے کی خریداری مزید مہنگی ہوگئی ہے، خصوصاً زیورات خریدنے کے خواہشمند افراد کو اب پہلے کے مقابلے میں زیادہ رقم ادا کرنا ہوگی۔









