ترکیہ کی اسٹیل فیکٹری میں اچانک ایسا کیا ہوا کہ 16 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے؟

ترکیہ کے مغربی علاقے میں واقع اسٹیل فیکٹری میں خوفناک دھماکے نے تباہی مچا دی، جس کے نتیجے میں 16 افراد جاں بحق اور 14 زخمی ہوگئے، جبکہ تین زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ ترکیہ کے ساحلی صوبے ازمیر کے ضلع علی آغا میں قائم آئرن اینڈ اسٹیل فیکٹری میں پیش آیا، جہاں معمول کے مطابق لوہے اور اسٹیل کی تیاری کا کام جاری تھا کہ اچانک ایک زوردار دھماکا ہوگیا۔
ابتدائی تحقیقات میں سامنے آنے والی معلومات کے مطابق فیکٹری میں مائع اسٹیل تیار کیا جا رہا تھا کہ اسی دوران چھت پر نصب ایک بھاری کرین اچانک ٹوٹ کر نیچے موجود آرک فرنس میں جا گری۔ آرک فرنس ایک ایسی بھٹی ہوتی ہے جس میں انتہائی زیادہ درجہ حرارت پر دھات کو پگھلایا جاتا ہے۔ کرین کے بھٹی میں گرنے کے بعد شدید دھماکا ہوا جس سے فیکٹری میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
دھماکا اس قدر شدید تھا کہ فیکٹری کے اوپر دھوئیں اور گردوغبار کے بادل چھا گئے۔ حادثے کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوئے، جن میں سے تین کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے کابینہ اجلاس کے بعد اس افسوسناک حادثے میں 16 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی۔ مقامی گورنر آفس نے بھی واقعے کی تفصیلات جاری کرتے ہوئے بتایا کہ دھماکا ازمیر کے صنعتی علاقے میں قائم اسٹیل فیکٹری میں ہوا۔
ابتدائی معلومات میں کرین کے ٹوٹنے کو حادثے کی وجہ قرار دیا گیا ہے، تاہم اس بات کی مکمل وضاحت تحقیقات کے بعد ہی ہوسکے گی کہ کرین کس وجہ سے ٹوٹی اور فیکٹری میں حفاظتی انتظامات کس حد تک مؤثر تھے۔
اس افسوسناک واقعے نے صنعتی اداروں میں کام کرنے والے ملازمین کی حفاظت اور بھاری مشینری کے حفاظتی انتظامات سے متعلق ایک بار پھر اہم سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔









