ہفتے میں صرف 4 دن کام، تنخواہ پوری اور 3 چھٹیاں! امریکی کمپنی کی آمدنی میں حیران کن اضافہ کیسے ہوا؟

امریکا کی ایک کمپنی نے ملازمین کو ہفتے میں تین دن چھٹی دینے کا ایسا تجربہ کیا جس کے نتائج نے سب کو حیران کردیا۔ کمپنی نے نہ صرف جمعے کی اضافی چھٹی دی بلکہ ملازمین کی تنخواہوں میں بھی کوئی کمی نہیں کی۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اس فیصلے کے بعد تین سال کے دوران کمپنی کی آمدنی میں 160 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
امریکی ریاست فلوریڈا کے شہر ٹیمپا میں قائم سوشل میڈیا ایجنسی بریک میڈیا (Brick Media) نے ملازمین کی سہولت کے لیے ہفتے میں پانچ کے بجائے چار دن کام کرنے کا نظام متعارف کرایا، جس کے بعد کمپنی کی کارکردگی اور آمدنی میں نمایاں بہتری دیکھنے میں آئی۔
کمپنی کے چیف ایگزیکٹو جیک کرٹز نے 2022 کے آخر میں سوچا کہ اگر ملازمین کو ہفتے میں ایک اضافی چھٹی دی جائے تو کیا اس سے ان کی کارکردگی بہتر ہوسکتی ہے؟
جیک کرٹز نے سوشل میڈیا پر یورپ کی مختلف کمپنیوں میں چار روزہ ورکنگ ویک کے تجربات دیکھے تھے۔ ان تجربات سے متاثر ہو کر انہوں نے اپنی کمپنی میں بھی ایسا نظام آزمانے کا فیصلہ کیا۔
جنوری 2023 میں بریک میڈیا نے 90 دن کے لیے ایک تجرباتی منصوبہ شروع کیا، جس کے تحت ملازمین کو ہفتے اور اتوار کے علاوہ جمعے کی بھی چھٹی دے دی گئی۔
اس فیصلے کی سب سے خاص بات یہ تھی کہ ملازمین کی تنخواہوں اور دیگر مراعات میں کوئی کمی نہیں کی گئی۔
تین ماہ کے تجربے کے دوران کمپنی کو مثبت نتائج ملے، جس کے بعد اپریل 2023 میں چار روزہ ورکنگ ویک کو مستقل نظام کا حصہ بنا دیا گیا۔
اب اس فیصلے کے تقریباً تین سال بعد کمپنی نے اپنی آمدنی اور ملازمین کی کارکردگی سے متعلق دلچسپ اعداد و شمار جاری کیے ہیں۔
کمپنی کے مطابق تین سال کے دوران اس کی مجموعی آمدنی میں تقریباً 160 فیصد اضافہ ہوا۔
اعداد و شمار کے مطابق 2023 میں کمپنی کی آمدنی میں 73 فیصد، 2024 میں 39 فیصد اور 2025 میں مزید 8 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
کمپنی کے چیف ایگزیکٹو جیک کرٹز کا ماننا ہے کہ اس کامیابی کی ایک اہم وجہ ملازمین کو بہتر ماحول فراہم کرنا اور انہیں ہر ہفتے تین دن آرام کا موقع دینا ہے۔
ان کے مطابق جب ملازمین کو اپنی ذاتی زندگی، خاندان اور آرام کے لیے مناسب وقت ملتا ہے تو وہ کام کے دوران زیادہ توجہ اور بہتر انداز میں اپنی ذمہ داریاں پوری کرسکتے ہیں۔
اس نئے نظام کا ایک اور فائدہ یہ سامنے آیا کہ کمپنی چھوڑنے والے ملازمین کی تعداد بھی کم ہوگئی۔
کمپنی کے فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق 2022 میں چھ ملازمین نے ملازمت چھوڑی تھی، جبکہ 2023 میں صرف دو اور 2024 میں بھی دو ملازمین کمپنی سے الگ ہوئے۔
اسی طرح 2025 میں تین ملازمین نے ملازمت چھوڑی، جبکہ 2026 میں رپورٹ سامنے آنے تک کسی ملازم کے کمپنی چھوڑنے کی اطلاع نہیں دی گئی۔
کمپنی میں ملازمین کی مجموعی تعداد بھی بڑھ گئی ہے۔ 2022 کے آخر میں بریک میڈیا میں 15 افراد کام کرتے تھے، جبکہ اب یہ تعداد بڑھ کر 25 ہوچکی ہے۔
جیک کرٹز کا کہنا ہے کہ کمپنی ملازمین پر ضرورت سے زیادہ کام کا بوجھ ڈالنے کے بجائے ضرورت پڑنے پر مزید افراد بھرتی کرنے کو ترجیح دیتی ہے۔
اس کمپنی میں ملازمین پیر سے جمعرات تک روزانہ 9 گھنٹے کام کرتے ہیں، اس طرح ان کا ہفتہ وار دفتری دورانیہ 40 گھنٹے کے بجائے 36 گھنٹے رہ گیا ہے۔
اس کے باوجود انہیں پہلے کی طرح مکمل تنخواہ اور دیگر مراعات فراہم کی جاتی ہیں۔
کمپنی نے ملازمین کو گھر سے کام کرنے کی سہولت بھی دے رکھی ہے۔ چار روزہ ورکنگ ویک میں ملازمین تین دن گھر سے کام کرسکتے ہیں، جبکہ صرف ایک دن دفتر آنا ضروری ہوتا ہے۔
اگرچہ جمعہ، ہفتہ اور اتوار کو عمومی طور پر چھٹی ہوتی ہے، تاہم بعض اوقات ضروری کام کی وجہ سے ملازمین کو چند منٹ کے لیے کام کرنا پڑتا ہے۔
کمپنی کے مطابق ایسے اضافی کام کا معاوضہ بھی ملازمین کو دیا جاتا ہے۔
بریک میڈیا کا یہ تجربہ اس لیے بھی دلچسپ ہے کیونکہ عام طور پر یہ سمجھا جاتا ہے کہ زیادہ گھنٹے کام کرنے









