12 November 2026 05:20
اگر آپ یہ خبر سننا چاہتے ہیں تو پلے کا بٹن دبائیں

کیا کائنات ہماری سوچ سے بھی زیادہ پرانی ہے؟ سائنسدانوں کی نئی تحقیق نے سب کو حیران کر دیا

کیا کائنات ہماری سوچ سے بھی زیادہ پرانی ہے؟ سائنسدانوں کی نئی تحقیق نے سب کو حیران کر دیا

کائنات کی عمر 13 ارب نہیں بلکہ 26 ارب سال سے بھی زیادہ ہوسکتی ہے، کینیڈین سائنسدانوں کے نئے نظریے نے برسوں سے تسلیم شدہ سائنسی اندازے پر سوال اٹھا دیے۔

کائنات آخر کتنی پرانی ہے اور اس کی ابتدا کب ہوئی؟ یہ وہ سوال ہے جس کا جواب سائنسدان کئی دہائیوں سے تلاش کر رہے ہیں۔ اب کینیڈا کے ماہرین نے ایک ایسا نیا نظریہ پیش کیا ہے جس نے کائنات کی عمر کے بارے میں موجودہ سائنسی تصور کو ایک بار پھر بحث کا موضوع بنا دیا ہے۔

اب تک سائنسدانوں کی اکثریت کا ماننا ہے کہ ہماری کائنات تقریباً 13 ارب 80 کروڑ سال پرانی ہے، لیکن کینیڈا کی یونیورسٹی آف اوٹاوا کے محققین نے دعویٰ کیا ہے کہ کائنات کی عمر تقریباً 26 ارب 70 کروڑ سال بھی ہوسکتی ہے۔ اگر یہ نظریہ درست ثابت ہوا تو اس کا مطلب ہوگا کہ کائنات موجودہ اندازوں سے تقریباً دوگنی پرانی ہے۔

محققین نے اپنے نئے سائنسی ماڈل کو سی سی سی پلس ٹی ایل (CCC+TL) کا نام دیا ہے۔ اس نظریے کے مطابق ممکن ہے کہ کائنات میں کچھ بنیادی طبعی قوانین سے متعلق مستقل سمجھی جانے والی مقداریں وقت کے ساتھ تبدیل ہوتی رہی ہوں اور روشنی کی توانائی میں بھی تبدیلی آتی رہی ہو۔

آسان الفاظ میں اس نظریے کے ذریعے سائنسدان یہ سمجھنے کی کوشش کر رہے ہیں کہ کائنات کیسے پھیل رہی ہے اور کہکشائیں کس طرح حرکت کرتی ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ محققین کا کہنا ہے کہ ان کا ماڈل بعض ایسے مشاہدات کی وضاحت بھی کرسکتا ہے جنہیں عام طور پر تاریک مادے اور تاریک توانائی کی مدد سے سمجھایا جاتا ہے۔

اس تحقیق میں یونیورسٹی آف اوٹاوا کے پروفیسر راجندر گپتا اور محقق نکولاس سماراس نے مختلف فلکیاتی معلومات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے آئن اسٹائن اور فریڈمین کی مشہور سائنسی مساوات میں تبدیلیاں کرکے اپنے نظریے کو جانچنے کی کوشش کی۔

محققین کے مطابق ان کے نتائج کائنات میں ہائیڈروجن اور ہیلیم جیسے ہلکے عناصر کی مقدار اور کائنات کے پھیلاؤ سے متعلق بعض مشاہدات سے مطابقت رکھتے ہیں۔

ایک اور دلچسپ بات یہ سامنے آئی کہ محققین نے اپنے ماڈل کی مدد سے 175 کہکشاؤں کی گردش کی رفتار کو سمجھنے کی کوشش کی اور ان کے مطابق اس کی وضاحت تاریک مادے کو شامل کیے بغیر بھی ممکن ہوئی۔

اس نئی تحقیق کی اہمیت اس لیے بھی بڑھ گئی ہے کیونکہ امریکی خلائی ادارے ناسا کی جیمز ویب خلائی دوربین نے کائنات کے ابتدائی دور کی کچھ ایسی کہکشائیں دریافت کی ہیں جو اپنے زمانے کے لحاظ سے حیران کن حد تک بڑی اور ترقی یافتہ دکھائی دیتی ہیں۔

سائنسدانوں کے لیے یہ سوال اہم ہے کہ کائنات کی ابتدا کے اتنے کم عرصے بعد اتنی بڑی کہکشائیں کیسے وجود میں آگئیں؟ نئے نظریے کے حامیوں کا خیال ہے کہ اگر کائنات واقعی زیادہ پرانی ہے تو ان کہکشاؤں کی تشکیل کو سمجھنا آسان ہوسکتا ہے۔

تاہم ماہرین نے واضح کیا ہے کہ یہ ابھی صرف ایک متبادل سائنسی نظریہ ہے اور اسے حتمی حقیقت قرار نہیں دیا جاسکتا۔ اس کے کئی اہم پہلوؤں پر مزید تحقیق اور تجربات کی ضرورت ہے۔

خاص طور پر کائنات کی ابتدا کے بعد باقی رہ جانے والی قدیم روشنی، جسے کائناتی مائیکرو ویو پس منظر کہا جاتا ہے، کے ذریعے اس نظریے کی مکمل جانچ ابھی باقی ہے۔

فی الحال کائنات کی عمر کا سب سے زیادہ تسلیم شدہ سائنسی اندازہ 13 ارب 80 کروڑ سال ہی ہے، لیکن نئی تحقیق نے یہ دلچسپ سوال ضرور پیدا کردیا ہے کہ کیا ہماری کائنات واقعی اس سے کہیں زیادہ پرانی ہوسکتی ہے؟