ایران کو شکست دینے کے بعد پاکستان کا اگلا مقابلہ کس سے؟ پولو ورلڈ کپ میں بڑا ٹاکرا تیار

پولو ورلڈ کپ کوالیفائرز میں پاکستان نے شاندار آغاز کرتے ہوئے ایران کو شکست دے دی، اب قومی ٹیم کا اگلا مقابلہ روایتی حریف بھارت سے ہوگا۔
نائیجیریا میں جاری پولو ورلڈ کپ کوالیفائرز میں پاکستان نے اپنی مہم کا آغاز شاندار کامیابی کے ساتھ کردیا۔ قومی پولو ٹیم نے اپنے پہلے میچ میں ایران کو شکست دے کر ٹورنامنٹ میں فاتحانہ آغاز کیا اور ورلڈ کپ میں جگہ بنانے کی امیدیں روشن کردیں۔
پاکستان اور ایران کے درمیان کھیلے گئے مقابلے میں دونوں ٹیموں نے بھرپور کھیل پیش کیا، تاہم پاکستانی کھلاڑیوں نے بہترین کارکردگی دکھاتے ہوئے ایران کو 6 کے مقابلے میں 10 گول سے شکست دے دی۔
اس کامیابی کے بعد پاکستانی ٹیم کے حوصلے مزید بلند ہوگئے ہیں اور اب شائقین کی نظریں اگلے اہم مقابلے پر جم گئی ہیں۔
پاکستانی پولو ٹیم 13 نومبر کو اپنے روایتی حریف بھارت کے خلاف میدان میں اترے گی۔ دونوں ممالک کے درمیان ہونے والے اس مقابلے کو ٹورنامنٹ کا ایک اہم میچ قرار دیا جا رہا ہے۔
نائیجیریا میں منعقد ہونے والے ان کوالیفائرز میں پاکستان، ایران، بھارت اور میزبان نائیجیریا کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ تمام ٹیمیں پولو ورلڈ کپ میں جگہ بنانے کے لیے مقابلہ کر رہی ہیں۔
ٹورنامنٹ کا آغاز 9 نومبر کو ہوا تھا جبکہ یہ مقابلے 16 نومبر تک جاری رہیں گے۔
پاکستانی ٹیم کی کوشش ہے کہ وہ اپنی کامیابیوں کا سلسلہ برقرار رکھے اور کوالیفائرز میں بہترین کارکردگی دکھا کر پولو ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کرے۔
ایران کے خلاف کامیابی نے قومی ٹیم کو ایک اچھا آغاز فراہم کیا ہے، تاہم بھارت کے خلاف آنے والا مقابلہ پاکستانی کھلاڑیوں کے لیے ایک اہم امتحان ہوگا۔
اب دیکھنا یہ ہے کہ کیا پاکستانی پولو ٹیم ایران کے بعد بھارت کو بھی شکست دینے میں کامیاب ہوتی ہے یا روایتی حریف قومی ٹیم کے لیے مشکلات پیدا کرے گا۔









