ٹیکس ریٹرن دیر سے جمع کرانے والوں کے لیے بڑی خوشخبری، ایف بی آر نے اہم شرط کے ساتھ نئی سہولت دے دی

ایف بی آر نے ٹیکس ریٹرن تاخیر سے جمع کرانے والے شہریوں کے لیے بڑی رعایت کا اعلان کردیا، تاہم اس سہولت سے فائدہ اٹھانے والوں کو ایک اہم شرط پوری کرنا ہوگی۔
فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے ٹیکس ریٹرن مقررہ وقت پر جمع نہ کراسکنے والے شہریوں کے لیے ایک نئی سہولت متعارف کرا دی ہے، جس کے تحت مخصوص شرائط پوری کرنے والے افراد اضافی سرچارج ادا کیے بغیر ایکٹو ٹیکس پیئر لسٹ میں شامل ہوسکیں گے۔
ایف بی آر نے اس مقصد کے لیے انکم ٹیکس رولز 2002 میں اہم تبدیلیاں کی ہیں۔ نئے قواعد کے مطابق ایسے افراد جنہوں نے اپنا انکم ٹیکس ریٹرن تاخیر سے جمع کرایا ہے، وہ بھی سرچارج کی ادائیگی کے بغیر فعال ٹیکس دہندگان کی فہرست میں شامل ہونے کی سہولت حاصل کرسکتے ہیں۔
تاہم اس رعایت کے ساتھ ایک اہم شرط بھی رکھی گئی ہے۔ سہولت حاصل کرنے والے شہریوں کو الیکٹرانک حلف نامہ جمع کرانا ہوگا کہ وہ آئندہ چھ ماہ تک کوئی جائیداد نہیں خریدیں گے۔
ایف بی آر کے مطابق اس مقصد کے لیے آن لائن آئرس سسٹم میں ایک نیا فارم متعارف کرایا گیا ہے، جسے اے ٹی ایل یو (ATLU) کا نام دیا گیا ہے۔ اس فارم کے ذریعے شہری مطلوبہ حلف نامہ جمع کراسکیں گے۔
اگر کوئی شخص حلف نامہ جمع کرانے کے باوجود چھ ماہ کے اندر جائیداد خریدتا ہے تو ایف بی آر بینکوں اور دیگر متعلقہ ذرائع سے معلومات حاصل کرکے معاملے کی جانچ کرسکے گا۔
خلاف ورزی کا شبہ ہونے پر متعلقہ شخص سے وضاحت طلب کی جائے گی۔ اگر حلف نامے کی خلاف ورزی ثابت ہوگئی تو سرچارج سے دی گئی چھوٹ ختم کردی جائے گی اور ایکٹو ٹیکس پیئر لسٹ میں شمولیت کے لیے عام قواعد لاگو ہوں گے۔
دوسری جانب ایف بی آر نے ٹیکس ریٹرنز کی جانچ پڑتال کو مزید مؤثر بنانے کے لیے ایک نیا خودکار نظام بھی متعارف کرا دیا ہے۔
اس نظام کے لیے انکم ٹیکس رولز میں نیا رول 38 بی شامل کیا گیا ہے۔ نئے نظام کے تحت جمع کرائے گئے ٹیکس ریٹرنز کا خودکار طریقے سے جائزہ لیا جائے گا تاکہ ان میں موجود غلطیوں، معلومات کے تضادات یا قانونی مسائل کی نشاندہی کی جاسکے۔
اگر کسی ٹیکس دہندہ کے ریٹرن میں کوئی غلطی سامنے آتی ہے تو ایف بی آر فوری قانونی کارروائی کرنے کے بجائے پہلے اسے آن لائن اطلاع دے گا۔
یہ اطلاع آئرس سسٹم کے ذریعے بھیجی جائے گی اور متعلقہ شہری کو اپنی غلطی درست کرنے یا وضاحت پیش کرنے کے لیے کم از کم سات دن کا وقت دیا جائے گا۔
اگر مقررہ مدت میں جواب موصول نہ ہوا تو دوبارہ یاد دہانی کرائی جائے گی اور مزید سات دن کی مہلت فراہم کی جائے گی۔
اس کے بعد متعلقہ ٹیکس افسر شہری کی جانب سے جمع کرائی گئی وضاحت کا جائزہ لے گا۔ اگر جواب تسلی بخش نہ ہوا تو قانون کے مطابق مزید کارروائی کی جاسکے گی۔
ایف بی آر کے مطابق نئے نظام میں تمام انتباہات، شہریوں کے جوابات اور متعلقہ کارروائیوں کا ریکارڈ ایک آن لائن ڈیش بورڈ پر محفوظ رکھا جائے گا۔
اس اقدام کا مقصد ٹیکس دہندگان کو اپنی غلطیاں درست کرنے کا موقع دینا اور ٹیکس ریٹرنز کی جانچ کے عمل کو زیادہ منظم اور شفاف بنانا ہے۔
نئے قواعد کے بعد تاخیر سے ٹیکس ریٹرن جمع کرانے والے افراد کو ایک اہم سہولت ضرور مل گئی ہے، تاہم اس سے فائدہ اٹھانے کے لیے جائیداد کی خریداری سے متعلق چھ ماہ کی پابندی کا خیال رکھنا ضروری ہوگا۔









